وزیراعظم نے انسانی احترام وقانون کی بالادستی کی روشن مثال قائم کی،فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد(ہم صفیر نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے انسانی احترام وقانون کی بالادستی کی روشن مثال قائم کی،بہت جلد عوامی ریلیف کیلئے بڑے ایکشن ہوں گے، عمران خان کو ہرانے والے خود ہارجائیں گے۔منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے انسانی احترام اورقانون کی بالادستی کی روشن مثال قائم کی، وزیراعظم عمران خان ملکی ترقی اورعوامی خوشحالی کے مشن پرکاربند ہیں، دعا گوہیں کہ اللہ تعالی نوازشریف کو صحت کاملہ عطا فرمائے، وہ جلد صحت مند ہوں تاکہ واپس آکرقانون کا سامنا کرسکیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آنے والے دنوں میں عوامی ریلیف کے لیے بڑے ایکشن سامنے آئیں گے، معیشت کی بحالی کے ساتھ ساتھ عوام کے لیے بھی آسانیاں بڑھتی جائیں گی، ایک طرف مافیا ہے تودوسری جانب عمران خان کی قیادت میں عوام ہیں، عمران خان کو ہرانے کی کوشش کرنے والے ہمیشہ ان سے ہارے ہیں اورآئندہ بھی ہاریں گے۔

Facebook Comments