اداکارہ سجل علی بھارت کے بعد چین میں بھی دھوم مچانے کیلئے تیار

ممبئی(ہم صفیر نیوز)نامور پاکستانی اداکارہ سجل علی بھارت کے بعد چین میں بھی دھوم مچانے کے لیے تیار ہیں۔دوبرس قبل ریلیزہونیوالی پاکستانی اداکارہ سجل علی اورعدنان صدیقی کی پہلی بالی ووڈ فلم’مام‘بھارتی باکس آفس پر کمال دکھانے کے بعد اب چین میں ریلیز کی جائیگی۔ فلم کی کہانی ماں اوربیٹی کے جذباتی اور خوبصورت رشتے کے گرد گھومتی ہے جس میں سجل علی نے بالی ووڈ کی آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی کا کردار نبھایا ہے۔بھارتی کمپنی زی اسٹوڈیوکی بین الاقوامی سربراہ ویبھا چوپڑا نے کہاہ ے کہ چین بھارتی فلموں کی ایک بڑی مارکیٹ ہے، بالی ووڈ فلمیں چین میں بہت زیادہ بزنس کرتی ہیں یہی وجہ ہے کہ فلم کو چین میں ریلیز کئے جانے کا فیصلہ کیاگیاہے۔انہوں نے مزید کہا یہ فلم ہماری طرف سے ان تمام ماؤں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جو اپنے بچوں کو مشکلات سے نکالنے کیلئے کچھ بھی کرنے کیلئے تیار رہتی ہیں۔ فلم کو ابتدائی طور پر گزشتہ ماہ22 مارچ کو چین میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم کچھ وجوہات کی بنا پر فلم کو مقررہ تاریخ پر ریلیز نہیں کیا جاسکا لہٰذا اب ’مام‘10 مئی 2019 کو چین میں ریلیز کی جائے گی۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.