مادر وطن کے دفاع میں زندگی قربان کرنے سے زیادہ کوئی اور عظیم مقصد نہیں،آرمی چیف

راولپنڈی( ہم صفیر نیوز )چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ مادر وطن کے دفاع میں زندگی قربان کرنے سے زیادہ کوئی اور عظیم مقصد نہیں،جانوں کی پرواہ کیے بغیر افسروں اور جوانوں نے امن و استحکام کیلئے قربانیا ں دیں، قربانیاں دینے والے ہی ہمارے ہیرو ہیں، امن و استحکام ہمارے افسران اور جوانوں کی بے لوث لگن اور قربانیوں کا ثمر ہے،وطن کیلئے دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بدھ کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں شہیدوں اورغازیوں کیلئے اعزازات کی تقریب منعقد ہوئی جس میں شہدا اور غازیوں کے خاندانوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر سربراہ پاک فوج جنرل قمرجاوید باجوہ نے آپریشنز کے دوران بہادری کا مظاہرہ کرنے والے شہدا اور غازیوں کو ایوارڈز دیئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 35 آفیسرز کو ستارہ امتیاز(ملٹری)، 36 افسراں و جوانوں کوتمغہ بسالت اور 7جوانوں کو اقوام متحدہ کے میڈلز دیئے گئے، شہدا کے اعزازت ان کے خاندان کے افراد نے وصول کئے ۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہدا کی قربانیوں اور بہادری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے قوم کے تعاون اور جرات کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے کہاکہ مادروطن کوخراج تحسین پیش کرنے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جانوں کی پرواہ کیے بغیر افسروں اور جوانوں نے امن و استحکام کیلئے قربانیا ں دیں، یہ قربانیاں دینے والے ہی ہمارے ہیرو ہیں۔سربراہ پاک فوج نے کہا کہ لوگ پوچھتے ہیں کہ دہشتگردی کے خلاف کیسے کامیابی حاصل کی؟ ملک میں امن وامان غازیوں اورشہداء کی مرہون منت ہے۔ انہوں نے کہاکہ مادر وطن کے دفاع میں زندگی قربان کرنے سے زیادہ کوئی اور عظیم مقصد نہیں، وطن کیلئے دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.