آفتاب صدیقی کی گورنرسندھ اور چیئرمین ڈی ایس آر اے سے ملاقات

کراچی (ہم صفیر نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور ایم این اے آفتاب صدیقی نے گورنر سندھ عمران اسماعیل اورڈی ایس آر اے (ڈیفنس سوسائٹی ریسیڈینس ایسوسی ایشن) کے چئیرمین و سابق سی پی ایل سی چیف شرف الدین میمن سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور کلفٹن ڈیفنس سمیت شہر بھر میں جرائم کی بڑھتی شرح پر گہری تشویش اور تحفظات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی ادیبہ حسن، ایگزیکٹو بورڈممبر عمران صدیقی اور افتخار فاروقی بھی موجود تھے۔ آفتاب صدیقی نے شہرقائد میں جرائم کے اعداد و شمارمیں خطرناک حد تک اضافے پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے صورتحال کو انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماہ میں 40افراد جب کہ تین ماہ میں 95 افراد کا قتل اور ہزاروں کی تعداد میں گاڑیوں، موبائل اور قیمتی اشیا کی چوری، ڈکیتی سندھ کے گورننس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ شہریوں کی جان و مال محفوظ ہے اور نہ اولادیں، جوان بچیوں کو گھروں کے سامنے سے اغوا کر کے لے جایا جاتا ہے اور مجرموں کا کچھ پتہ نہیں چلتا، یہ صورتحال کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے گورنر سندھ سے اپیل کی کہ رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کوامن و امان کی خراب ہوتی صورتحال پر آن بورڈ لیا جائے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.