نیب میں جاری 6 انکوئریز، کیسز میں آصف زرداری کی عبوری ضمانت منظور

اسلام آباد (ہم صفیر نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف جاری 6 انکوئریز اور کیسز میں عبوری ضمانت منظور کرلی۔ بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل 2 رکنی بینج نے جعلی اکاؤنٹ کیس کی سماعت کی۔آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور، جن کی عبوری ضمانت ختم ہورہی تھی،عدالت پہنچے، جہاں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے آصف زرداری اور فریال تالپور کے وکلا، ایڈووکیٹ فاروق ایچ نائیک اور سردار لطیف کھوسہ، نے ضمانت میں توسیع کی درخواستیں دائر کیں۔فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو بتایا کہ 21 مئی کو احتساب عدالت نے طلب کر رکھا ہے۔دوران سماعت نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ جس کیس میں آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوچکے ہیں اس میں جواب جمع کرایں گے۔فاروق ایچ نائیک کے مطابق نئے نئے طلبی کے نوٹسز آرہے ہیں، جس پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ یہ تو لگتا ہے طلبی اور ضمانتوں کا سیلاب آرہا ہے۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ پارک لین کیس کا مقدمہ تیار ہوچکا ہے۔دوران سماعت جسٹس محسن اختر نے ریمارکس دیئے کہ اس دن نوازشریف کا کیس نہ ہو، نواز شریف اور آصف زرداری کا کیس ایک دن نہ لگ جائے جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ آپ کہتے ہیں تو ایک دن مقرر کروا دیتے ہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری کی 22 مئی تک عبوری ضمانت منظور کر لی اور انہیں 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔عدالت عالیہ نے آصف زرداری کی جن کیسز یا انکوئریز میں عبوری ضمانت منظور کی یا اس میں توسیع دی، ان میں جعلی اکاؤنٹس کیس، پارک لین کیس، مشکوک ٹرانزیکشن انکوائری، اوپل 225 انکوئری اور توشہ خانہ ویکل انکوئری سمیت دیگر شامل ہیں۔عدالت عالیہ نے اوپل 225 انکوائری اور پارک لین کیس میں آصف زرداری کی 12 جون تک عبوری ضمانت منظور کی جبکہ توشہ خانہ ویکل انکوائری میں سابق صدر کی 20 جون تک عبوری ضمانت میں توسیع کردی گئی اور ہریش کمپنی کیس میں ان کی ضمانت میں 29 مئی تک توسیع کردی گئی۔علاوہ ازیں پارک لین ریفرنس میں انہیں 12 جون تک عبوری ضمانت میں توسیع جبکہ میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری کی ضمانت میں 30 مئی تک توسیع کردی۔خیال رہے کہ آصف زرداری کو جعلی اکاؤنٹس کیس سمیت 6 نیب انکوائریز اور تحقیقات میں عبوری ضمانت مل گئی ہے۔دوسری جانب عدالت نے فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 11 جون تک توسیع کردی۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.