کراچی میں ہیٹ ویو کے باعث شدید گرمی، ایک شخص ہلاک

کراچی (ہم صفیر نیوز) شہر قائد میں ہیٹ ویو کے باعث شدید گرمی کی لہر جاری ہے جب کہ گرمی نے ایک شخص کی جان لے لی۔تفصیلات کے مطابق بلدیہ مدینہ کالونی 7 نمبر میں 30 سالہ نامعلوم شخص گرمی کے باعث پیدل چلتے ہوئے گر کر ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک شخص ہیٹ اسٹروک کا متاثر لگ رہا ہے۔ ہلاک ہونے والے شخص کو سول اسپتال منتقل کرکے اس کے ورثا کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں 3 دن کے لیے ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا گیا ہے، ہیٹ ویو کے اثرات جمعرات کی صبح سے ہی نظر آنا شروع ہوگئے، شہر میں سمندری ہوائیں بند ہونے اور نمی کا تناسب بڑھنے کے سبب شدید گرمی محسوس کی جاتی رہی، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دو دن تک دن بھر لو کے تھپیڑے چلیں گے جب کہ درجہ حرارت 42 ڈگری تک جانے کا امکان ہے تاہم گرمی کی شدت 50 ڈگری کے برابر محسوس ہوگی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں گرمی کی غیر معمولی لہر کی وجہ بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان ہے، سمندری طوفان وائیو بھارتی گجرات کے ساحل سے ٹکرائے گا، طوفان کے باعث کو شہر میں آندھی جب کہ ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔شدید گرمی کے پیش نظر طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دن کے وقت غیر ضروری طو پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال بڑھادیں اوراگر باہر نکلنا پڑے تو سر ڈھانپ کر یاسر پر گیلا کپڑا رکھ کر باہر نکلیں۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.