اینگرو فوڈز کا نام فریز لینڈ کمپینا اینگرو پاکستان لمیٹڈ ہوگیا

کراچی (ہم صفیر نیوز)پاکستان کی صف اول کی ڈیری مصنوعات تیار کرنے والی کمپنیوں میں سے ایک اینگرو فوڈز لمیٹڈ کا نیا نام اب فریز لینڈ کمپینا اینگرو پاکستان لمیٹڈ(ایف سی ای پی ایل) ہوگیا ہے۔ کارپوریٹ ادارے نے ایس ای سی پی اور بورڈ آف رائل فریز لینڈ کمپینا اوربورڈ آف اینگرو کارپوریشن لمیٹڈ کی جانب سے ملنے والی حتمی منظوری کے بعدنام تبدیل کیا ہے۔ فریز لینڈ کمپینا ڈیری مصنوعات کے حوالے سے عالمی شہرت یافتہ کمپنی ہے جو افریقہ ایشیاء اور یورپ کے کئی ممالک میں غذائیت اور قوت بخش ڈیری مصنوعات فراہم کرتی ہے جو اب پاکستان کے صارفین کوغذائیت سے بھرپور مصنوعات فراہم کرنے کا عزم رکھتی ہے۔فریز لینڈ کمپینا دنیا کی چھٹی بڑی ڈیری کمپنی ہے جو 19000کسانوں کی مشترکہ ملکیت ہے۔اینگرو فوڈز کی ملکیت حاصل کرنے سے پہلے بھی فریز لینڈ کمپینا کی تاریخ 148سال پُرانی ہے جس میں کمپنی نے اعلیٰ آپریشنل استعدادکا ر اور ریسرچ و ڈولپمنٹ میں مہارت حاصل کی۔یہ 34ممالک میں آپریٹ کرتی ہے اوردنیا بھر کی کئی منڈیوں میں کروڑوں صارفین کو غذائیت سے بھرپور ڈیری مصنوعات دے رہی ہے۔فریز لینڈ کمپینا کے برانڈز دنیا کے 100ممالک میں جانے پہچانے جاتے ہیں۔ پاکستان دودھ کی پیداوار اور استعمال میں عالمی سطح پر چوتھے نمبر پر ہے۔ 2019ء تک پاکستان کی آبادی 20کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے اور اتنی بڑی آبادی کی غذائی ضروریات پورا کرنا کسی چیلنج سے کم نہیں تاہم فریز لینڈ کمپینا پاکستان کے صارفین کو معیاری، غذائیت سے بھرپور اور قوت بخش ڈیری مصنوعات فراہم کرنے کے اپنے عزم میں کوشاں ہے تاکہ ملک میں غذائی قلت کی بڑھتی شرح کی روک تھام کی جاسکے۔ چونکہ یہ کمپنی ڈیری فارمرز کی ملکیت ہے اس لئے ایف سی ای پی ایل کا بنیادی مقصد پاکستان بھر کے کسانوں کی بہبود کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنا اورڈیری صنعت کو جدت سے مزین کرنا ہے، ساتھ ہی اضافی پیداوار کے لئے عالمی معیارات کو لاگو کرنا بھی فریز لینڈ کے بنیادی مقاصد کا حصہ ہے۔ ایف سی ای پی ایل کا ماننا ہے کہ مستحکم ڈیری شعبہ ترقی کا ضامن ہوتا ہے جس کا مطلب کارب فٹ پرنٹ کو بتدریج کم کرنے کے ساتھ نمو حاصل کرنا اور سپلائی و پیداوار کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنا ہوتا ہے۔جس کے نتیجے میں ڈیری مصنوعات کی پیداوار کی مد میں توانائی کا کم سے کم کرتے جانا ہے۔اس موقع پر ایف سی ای پی ایل کے مینیجنگ ڈائریکٹر علی احمد خان نے کہا ”پاکستان بطور قوم تبدیل ہورہا ہے اور ہمارا مقصد پاکستان کے ڈیری شعبے میں انقلابی تبدیلیاں، صارفین کے رجحانات کو تبدیل کرنا اور اس شعبے میں بلاشرکت غیرے سب سے بڑی کمپنی کے طور پر اُبھرنا ہے۔ ہم اپنی اقدار پر کاربند ہیں اور یہی ہمارا مقصد ہے۔ یہ تو صرف آغاز ہے ہمیں اس سفر میں کئی چیلنجز کا سامنا ہوگا اور بہت سی کامیابیاں بھی ہونگی۔ حکومت پاکستان، ریگولیٹری اداروں، ہمارے صارفین اور کسٹمرز کے تعاون سے فریز لینڈ کمپینا اینگرو پاکستان کی معاشی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.