سابق سلیکشن کمیٹی نے ان کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا تھا‘سلمان بٹ

لاہور (ہم صفیر نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا ہے کہ سابق سلیکشن کمیٹی نے ان کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا تھا۔نجی ٹی وی کو ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہاکہ اس بات کی سمجھ نہیں آتی کہ صرف ایک شخص کو کیوں اتنی اہمیت دی گئی جس نے فرسٹ کلاس کا ایک سیزن بھی مکمل نہیں کھیلا۔انہوں نے کہاکہ کہ میں نے اپنی فٹنس پر بہت کام کیا اور حالیہ ٹورنامنٹس میں میری کارکردگی بھی شاندار رہی ہے جبکہ مجھے واپڈا کی ٹیم کا کپتان بھی مقرر کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ میری قیادت میں ٹیم نے کئی فائنلز کھیلے اور ان میں کامیابی بھی حاصل کی ہے جبکہ بلے بازی میں بھی میں ہمیشہ ٹاپ کے تین کھلاڑیوں میں شامل رہا ہوں۔انہوں نے کہاکہ اگر میرٹ کی بنیاد پر ٹیم کی سلیکشن کی جائے تو سیلیکٹرز کو میری کارکردگی ضرور نظر آئے گی، میرے خیال میں جو بہتر کارکردگی دکھاتا ہے اسے قومی ٹیم میں ضرور موقع دینا چاہئے۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ محض دو میچز کی بنیاد پر آپ میرے کارکردگی کا جائزہ نہیں لے سکتے، مجھے پورے سیزن میں چانس دے کر دیکھیں تو میری کارکردگی ضرور سامنے آئے گی۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کی نئی آنے والی سلیکشن کمیٹی ضرور میرٹ کی بنیاد پر کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گی۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.