کراچی، جلد پانی اور سیوریج کے مسائل ختم ہو جائیں گے، سعید غنی

اسلام آباد (ہم صفیر نیوز)سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا ہے کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے کراچی میں جلد بڑے منصوبے شروع کر رہے ہیں جس میں پینے کے پانی اور سیوریج جیسے مسائل حل ہو جائیں گے۔ایک انٹرریو میں وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا کہ کراچی کے مسائل حل نہ کرنے کی ذمہ داری ہماری بھی بنتی ہے تاہم بہت سارے مسائل شہریوں کے تعاون کے بغیر حل نہیں ہو سکتے۔انہوں نے کہا کہ لوگ کچرا ڈمپ کرنے کے بجائے سڑکوں کے اطراف میں پھینک دیا جاتا ہے،حکومت ہر شخص پر نظر نہیں رکھ سکتی، حکومت جتنے وسائل چاہے جھونک دیں لیکن جب تک کراچی کے شہری اپنا کردار ادا نہیں کریں گے مسائل حل نہیں ہوں گے۔سعید غنی نے دعویٰ کیا کہ سندھ حکومت کراچی میں اپنے وسائل سے زیادہ خرچ کر رہی ہے لیکن جن کی ذمہ داری بنتی ہے وہ مسائل حل کرنے کے بجائے الزام تراشی شروع کر دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی پوری کابینہ کراچی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔ موجودہ صورتحال میں بیورو کریسی فیصلہ کرنے سے ہچکچا رہے ہیں کیونکہ ان پر نیب کا خوف طاری ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے کراچی میں خطر رقم خرچ کرنے جا رہے ہیں جس سے شہر میں پانی کا مسئلہ بالکل ختم ہو جائے گا۔ شہر میں ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بھی جلد معاملات حل ہو جائیں گے۔ میگا پروجیکٹ ریڈ لائن اور یلو لائن پر بھی جلد کام شروع ہو جائے گا۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.