ہم اب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز سے اٹھائیں گے،عمران خان

جدہ (ہم صفیر نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے‘ پاک سعودی تعلقات نئی سطح پر پہنچ گئے ہیں‘ میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں جانے سے قبل مسئلہ کشمیر سعودی قیادت کے سامنے اٹھانا چاہتا ہوں اور اس مقصد کے لئے سعودی عرب آیا ہوں۔ کشمیر ایک بین الاقوامی ایشو بن گیا ہے اور مسئلہ کشمیر پر ہمارے بیانیے کو پوری دنیا نے تسلیم کر لیا ہے۔ او آئی سی نے ہمارے موقف کی تائید کی ہے اور ہم اب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز سے اٹھائیں گے۔ سعودی عرب میں مقیم ممتاز پاکستانی شہریوں سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے سرمائے کے تحفظ کے لئے اصلاحات لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ترغیب دینے کے لئے کاروبار میں آسانیاں لا رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں قرضوں کے بوجھ تلے دبی معیشت ملی‘ بہت مشکل صورتحال کا سامنا کیا لیکن اب ہم ہر شعبے میں اصلاحات لا رہے ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی برادری کے نمائندوں کو یقین دلایا کہ وہ پوری دنیا میں مسئلہ کشمیر بھرپور انداز سے اجاگر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ہمارے بھائی مشکل حالات سے گزر رہے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح پہلے ہی بھانپ چکے تھے کہ بھارت میں مسلمانوں کو ان کے حقوق نہیں ملیں گے۔ آج بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے اقدامات نے ان کی پیشگوئی سچ ثابت کر دی ہے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.