• May 27, 2020

چین نے کراچی جانے والے بحری جہاز پر فوجی سامان ہونے کا بھارتی دعویٰ مسترد کردیا

بیجنگ(ہم صفیر نیوز)چین نے بھارت کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کردیا کہ کراچی کے لیے روانہ ہونے والے زیر حراست چینی تجارتی بحری جہاز پر ایسا سامان لدا تھا جو عدم پھیلاؤ اور برآمداتی کنٹرول کی پابندیوں کی خلاف ورزی ہے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لیجیان شاؤ نے بیجنگ میں ایک میڈیا بریفنگ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’چین سے پاکستان جانے والے بحری جہاز کو بھارت نے حراست میں لیا تھا لیکن جہاز پر موجود آٹو کلیو، جس کے بارے میں بھارت نے دعویٰ کیا تھا کہ بیلسٹک میزائلز میں استعمال ہوسکتا ہے، وہ برآمدات پر کنٹرول اور عدم پھیلاؤ کے تحت نہ تو فوجی سازو سامان تھا اور نہ ہی دہرے استعمال کی چیز ہے‘۔ان کا کہنا تھا کہ چین ایک ذمہ دار ملک ہے اور بین الاقوامی عدم پھیلاؤ کی پابندیوں اور عالمی وعدوں کی پاسداری کرتا ہے۔چینی حکومت کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بحری جہاز کو چلانے والوں نے سچائی کیساتھ بھارتی حکام کو جہاز پر لدے سامان کے بارے میں ا?گاہ کیا تھا اس لیے اس میں کوئی چھپی ہوئی یا جھوٹ بات نہیں ہے۔واضح رہے کہ بھارتی حکام نے چینی تجارتی بحری جہاز ایم وی ڈی اے سیو یون کو فروری کے اوائل میں دیندیال پورٹ پر حراست میں لیا تھا اور الزام عائد کیا تھا کہ اس میں آٹو کلیو موجود ہے جسے کارگو منشور میں غلط ظاہر کیا گیا۔

Read Previous

ڈبلیو ایچ او کا کورونا کیخلاف مزید سخت اقدامات کرنے پر زور

Read Next

جج ویڈیو اسکینڈل: شاہد خاقان، احسن اقبال، خواجہ آصف ایف آئی اے میں طلب

%d bloggers like this: