• February 24, 2020

ہوا سے بجلی پیدا کرنے کی استعداد 50 ہزار میگاواٹ

اسلام آباد(ہم صفیر نیوز)پاکستان میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کی استعداد 50 ہزار میگاواٹ ہے۔ جوگرمیوں میں بجلی کی زیادہ سے زیادہ طلب سے بھی دوگنا ہے۔ سال 2007ء میں ملک میں ہوا سے 750 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی تھی جو اب 2000 میگا واٹ تک بڑھ چکی ہے۔ متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے شعبہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان میں متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے وسیع مواقع دستیاب میں جن میں سورج‘ہوا‘ پانی اور کوڑے کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے کے ذرائع شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ تیل و گیس سے بجلی کی پیداواری لاگت زیادہ ہوتی ہے اور دوسری جانب پاکستان پٹرولیم کی مصنوعات کی ملکی طلب پوری کرنے کیلئے درآمدات پر انحصار کرتا ہے اس لئے درآمدات بڑھنے سے زرمبادلہ کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں ہوا کی مدد سے 50 ہزار میگاواٹ سستی اور شفاف بجلی پیدا کرنے کی استعداد موجود ہے جس کی کئی عالمی ادارے بھی تصدیق کرچکے ہیں۔ماہرین نے کہا کہ ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے کارخانے 32 فیصد کی استعداد کے مطابق پیداوار حاصل کررہے ہیں جبکہ نئے لگائے جانے والے ونڈ پاور پلانٹس میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پیداواری صلاحیت کو 39 فیصد تک بڑھایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ونڈ کو ریڈورز میں اگر 38‘39فیصد پیداواری استعداد کے مساوی بھی بجلی پیدا کی جائے تو پھر بھی پاکستان صرف ہوا کی مدد سے 18تا 20 ہزار میگاواٹ باآسانی پیدا کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف دوسال کے قلیل عرصہ کے دوران ملک میں ہوا سے بجلی کی پیداوار میں 1250 میگا واٹ اضافہ ہوا ہے تاہم شفاف اور سستی بجلی پیدا کرنے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

Read Previous

چاولوں کی برآمدات میں کمی

Read Next

فیصل آباد،شادی شدہ خاتون کی تیزاب سے ہلاکت

%d bloggers like this: