• February 24, 2020

انڈسٹری کو کم قیمت توانائی کی سخت ضرورت ہے: لاہور چیمبر

لاہور (ہم صفیرنیوز) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے بجلی کی زیادہ قیمتوں اور بجلی کے بلوں میں اضافی چارجز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اس معاملے پر توجہ دے اور صنعتوں کیلئے توانائی کی قیمتیں فوری کم کرے۔ ایک بیان میں لاہورچیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اورنائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے کہا کہ بجلی صنعتوں کے لیے اہم خام مال کا درجہ رکھتی ہے اور اس کی قیمتوں میں اضافے سے انڈسٹری کی پیداواری لاگت مزید بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف بجلی کی قیمتیں کم کرنے کی ضرورت ہے بلکہ بلوں میں اضافی چارجز شامل کرنے کا سلسلہ بھی روکنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں بارہا اضافے کے باوجود سرکلر ڈیبٹ پر قابو نہیں پایا جاسکا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری شعبے کو پہلے ہی چیلنجز کا سامناہے، پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈی میں شدید مقابلہ درپیش ہے، تجارتی خسارہ چیلنج بنا ہوا ہے، ایکسپورٹس بھی تسلی بخش سطح پر نہیں، ایسے میں انڈسٹری کو سہولیات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی زیادہ قیمت کی وجہ سے چوری کا رحجان بڑھے گا۔ بہتر یہ ہے کہ ایماندار صارفین پر بجلی کا اضافی بوجھ ڈالنے کے بجائے لائن لاسز پر قابو پایا جائے اور سستی بجلی کی پیداوار بڑھائی جائے۔

Read Previous

چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد لاہور پہنچ گئے

Read Next

کنگز اور قلندرز،گذشتہ ایڈیشنز میں یہ دونوں ٹیمیں 8 مرتبہ مدمقابل آئیں

%d bloggers like this: